شنگھائی: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقات کی، جس میں پاک چین تعلقات، اقتصادی تعاون اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ فریقین نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت اعلیٰ معیار کی ترقی، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی بات چیت ہوئی، جبکہ پاکستان اور چین نے اہم امور پر مشاورت اور قریبی رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور عالمی چیلنجز سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔