Wed, September 16, 2026

بڑے دعوے، ادھورے انتظامات: انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ کا پہلے ہی روز 'فلاپ شو'

 بڑے دعوے، ادھورے انتظامات: انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ کا پہلے ہی روز 'فلاپ شو'

نئی دہلی : بھارت کی تکنیکی برتری ثابت کرنے کا مشن 'انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ' اپنے پہلے ہی روز بدنظمی، ہنگامہ آرائی اور شرکا کی شدید ناراضگی کی نذر ہو گیا۔ دارالحکومت دہلی میں منعقدہ اس عالمی کانفرنس میں انتظامات کی قلعی کھل گئی، جہاں اسٹارٹ اپ بانیوں اور نمائش کنندگان نے انتظامیہ کے خلاف دہائی دی۔
وزیرِ اعظم کے دورے کے پیش نظر سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات نے شرکا کے لیے وبالِ جان پیدا کر دیا۔ کئی گھنٹوں تک داخلی راستے بند رہنے کے باعث نمائش کنندگان اپنے ہی بوتھس تک نہ پہنچ سکے، جس سے کروڑوں روپے کی کاروباری سرگرمیوں کو نقصان پہنچا۔ مشتعل اسٹارٹ اپ بانیوں نے انتظامیہ کی نااہلی پر بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا۔
ٹیکنالوجی کے اس دور میں سمٹ کے دوران بجلی کی بار بار بندش اور ہال میں دم گھٹنے والی وینٹیلیشن نے شرکا کو پریشان کر دیا۔ سوشل میڈیا پر #AIImpactSummit کے ساتھ شکایات کا انبار لگ گیا۔ ہزاروں شرکا کے لیے پینے کے پانی کا مناسب انتظام نہ ہونے پر ہنگامہ آرائی ہوئی۔ سکیورٹی کے اتنے سخت دعوؤں کے باوجود قیمتی اشیاء کی چوری کی اطلاعات نے منتظمین کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا۔
ایک طرف دہلی کی زہریلی فضا اور دوسری طرف کلومیٹر طویل ٹریفک جام،  ان دوہرے مسائل نے بین الاقوامی مندوبین کو شدید ذہنی اذیت میں مبتلا رکھا۔ ماہرین نے آلودہ فضا میں اتنے بڑے ایونٹ کے انعقاد کو صحت کے اصولوں کے منافی قرار دے دیا۔
انڈیا اے آئی ویک   جو کہ جدت کا استعارہ بننا تھا، پہلے ہی دن اپنی ساکھ کھو بیٹھا۔ عالمی ماہرین کی موجودگی میں ہونے والی اس بدانتظامی نے ثابت کر دیا کہ صرف بڑے نام اور اشتہارات ایونٹ کو کامیاب نہیں بناتے، بلکہ اس کے لیے زمین پر ٹھوس انتظامات کی ضرورت ہوتی ہے۔

ٹیگز: