اسلام آباد : قومی اسمبلی نے آج سول سرونٹ ایکٹ میں ایک اہم ترمیم کی منظوری دی ہے، جس کے تحت سول سرونٹ افسران اپنے اور اپنے اہل خانہ کے تمام اثاثوں کی تفصیلات ظاہر کرنے کے پابند ہوں گے۔ اس ترمیم کے بعد سول سرونٹ ایکٹ میں شق 15 اے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے مطابق سول افسران کو اپنے اثاثوں کی تفصیلات عوام کے سامنے پیش کرنی ہوں گی۔
گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران اپنے تمام ملکی اور غیر ملکی اثاثے ظاہر کرنے کے پابند ہوں گے۔
افسران کو اپنی بیوی اور زیر کفالت بچوں کے ملکی اور غیر ملکی اثاثوں اور قرضوں کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔
یہ تفصیلات فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو جمع کروائی جائیں گی اور افسران کے اثاثوں کی معلومات عوامی سطح پر دستیاب ہوں گی۔
اس ترمیم کا مقصد حکومتی افسران کے مالی معاملات میں مکمل شفافیت لانا ہے اور کرپشن کی روک تھام کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے سرکاری افسران کی جانب سے غیر قانونی مالی سرگرمیوں کو روکنے میں مدد ملے گی۔