واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان تیار کی گئی مفاہمتی یادداشت ڈیڑھ صفحات پر مشتمل ایک عمومی نوعیت کی دستاویز ہے، جس میں بنیادی اصولوں اور آئندہ مذاکرات کے خدوخال کا تعین کیا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مجوزہ معاہدے کی مکمل تفصیلات ابھی طے ہونا باقی ہیں اور ان پر آنے والے مذاکراتی ادوار میں غور کیا جائے گا۔ جے ڈی وینس کے مطابق متعدد اہم معاملات ایسے ہیں جن پر تکنیکی ماہرین کی سطح پر تفصیلی مشاورت درکار ہوگی۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ موجودہ دستاویز کو حتمی معاہدے کے بجائے ایک ابتدائی پیش رفت کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، جبکہ فریقین آئندہ مذاکرات کے دوران مختلف امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا اگلا مرحلہ معاہدے کی شقوں کو حتمی شکل دینے اور باہمی تحفظات دور کرنے کے لیے اہم ثابت ہوگا۔