واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے دورہ امریکہ کے دوران پاکستان کے لیے عالمی سطح پر مثبت خبریں سامنے آنے لگی ہیں۔ آئی ایم ایف کی سربراہ، ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستانی معیشت کی بحالی کے لیے جاری اصلاحاتی عمل کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے وزیر خزانہ سے ملاقات میں پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے کیے گئے حالیہ اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے میکرو اکنامک نظم و ضبط اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے نتائج برآمد ہو رہے ہیں، جو طویل مدتی ترقی کے لیے ضروری ہیں۔
وزیر خزانہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی جس میں عالمی معاشی چیلنجز اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مالیاتی تعاون پر بات ہوئی۔ سیکرٹری جنرل نے پاکستان کے معاشی و سماجی اہداف کی حمایت کا اعادہ کیا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماساتو کاندا نے وزیر خزانہ کو یقین دلایا کہ بینک پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں اور ریونیو ریفارمز میں مالی و تکنیکی معاونت جاری رکھے گا۔