کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ان کی ہدایت پر ٹریفک پولیس کی جانب سے 9 سے 16 اپریل تک کیے گئے کریک ڈاؤن میں 11,276 موٹر سائیکلیں ہیلمٹ نہ پہننے پر ضبط کی گئیں۔
ٹریفک پولیس کی رپورٹ کے مطابق فینسی نمبر پلیٹس، کالے شیشے، اور بغیر فٹنس کے چلنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی مؤثر کارروائی کی گئی۔ اس دوران 193 ڈمپر اور ٹینکرز تحویل میں لیے گئے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ عوامی تحفظ اولین ترجیح ہے اور ان فٹ گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون پر عملدرآمد ہی محفوظ معاشرے کی بنیاد ہے۔