لاہور: برجستہ جملوں کے بے تاج بادشاہ، سٹیج، ٹی وی اور فلم کے مقبول مزاحیہ اداکار ببو برال کو دنیا سے رخصت ہوئے 14 سال بیت گئے، لیکن ان کی باتوں کی مٹھاس، اداکاری کی روانی اور چہرے پر ہنسی بکھیرنے کا فن آج بھی یاد آتا ہے۔
ببو برال کا اصل نام ایوب اختر تھا، اور وہ 1959ء میں گکھڑ منڈی، ضلع گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے۔ فنی سفر 1982 میں شروع ہوا، مگر اصل شہرت 1984 میں لاہور آنے کے بعد ملی، جہاں انہوں نے باغ جناح کے اوپن ایئر تھیٹر سے اپنا رنگ جما لیا۔
ان کے مشہور سٹیج ڈرامے "شرطیہ مٹھے" نے انہیں گھر گھر پہنچا دیا۔ مستانہ کے ساتھ ان کی جوڑی نے اسٹیج پر ایسا رنگ جمایا کہ آج بھی لوگ اس دور کو یاد کر کے مسکراتے ہیں۔ ببو برال نہ صرف اداکار تھے بلکہ خود ڈرامے بھی لکھتے، ہدایت کاری کرتے اور گانا بھی گاتے۔ انہوں نے اپنا ایک گلوکاری البم بھی ریکارڈ کروایا۔
انہوں نے صرف اسٹیج تک محدود نہیں رہے بلکہ فلموں میں بھی کام کیا اور تقریباً 20 فلموں میں اپنی مزاحیہ اداکاری کا جلوہ دکھایا۔ طویل بیماری کے بعد 16 اپریل 2011 کو 51 برس کی عمر میں وہ دنیا سے رخصت ہو گئے۔ لیکن اُن کا انداز، اُن کی باتیں، اور اُن کا فن آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔