Wed, September 16, 2026

پنجاب کے دریاؤں کا بہاؤ معمول پر آ رہا ہے، سیلاب کی شدت کم ہونے لگی: پی ڈی ایم اے

پنجاب کے دریاؤں کا بہاؤ معمول پر آ رہا ہے، سیلاب کی شدت کم ہونے لگی: پی ڈی ایم اے

لاہور : پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ صوبے کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ اب معمول کے قریب آ رہا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کے مطابق دریائے پنجند کے مقام پر ابھی بھی سیلاب کا پانی بہت زیادہ ہے، جہاں پانی کا بہاؤ تقریباً تین لاکھ سات ہزار کیوسک ہے۔ دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ آٹھ ہزار کیوسک ہے۔ ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر دریائے ستلج میں نچلے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 89 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دریائے چناب، دریائے راوی اور پنجاب کے بڑے نالوں میں پانی کا بہاؤ اس وقت معمول کی سطح پر ہے۔عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیے جا رہے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ صوبے میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 104 ہو گئی ہے، جبکہ 45 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں اور 4700 سے زائد دیہات پانی تلے آ چکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے مون سون کی 11ویں سپیل کا الرٹ بھی جاری کیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ 16 سے 19 ستمبر کے دوران دریاؤں کے بالائی علاقوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں۔

ٹیگز: