اسلام آباد:بجلی کی بندش اور بڑھتے ہوئے بلوں سے پریشان عوام کے لیے خوشخبری ہے۔ توانائی کا بحران کم کرنے کے لیے ماہرین نے ایک جدید حل پیش کیا ہے۔ سورج کی روشنی سے بجلی پیدا کرنے کے لیے اب روایتی اور مہنگے سولر پینلز کی جگہ سولر پینٹ ٹیکنالوجی متعارف کرا دی گئی ہے، جو نہ صرف سستی ہے بلکہ لگانے میں بھی بہت آسان ہے۔
ماہرین کے مطابق، یہ سولر پینٹ عام پینٹ کی طرح مختلف سطحوں پر لگایا جا سکتا ہے اور اس کے ذریعے بجلی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس کے برعکس، سولر پینلز کو نصب کرنے کے لیے زیادہ جگہ اور مخصوص ترتیب درکار ہوتی ہے۔
لنکڈاِن کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے تیار کردہ سولر پینٹ دیوار پر لگانے کے بعد سورج کی روشنی کو بجلی میں بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ توانائی حاصل کرنے کا ایک کم خرچ اور مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہا ہے۔
اس پینٹ میں فوٹووولٹائک نینو ذرات شامل ہوتے ہیں، جو مائع شکل میں کسی بھی سطح پر لگائے جا سکتے ہیں۔ یہ ذرات سورج کی روشنی کو جذب کرکے بجلی پیدا کرتے ہیں، جس سے کرنٹ پیدا ہوتا ہے۔
روایتی سولر پینلز کے مقابلے میں یہ پینٹ کم قیمت میں زیادہ سہولت فراہم کرتا ہے۔ مزید یہ کہ اسے گاڑیوں پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے تاکہ سورج کی روشنی سے گاڑی کی بیٹریاں چارج کی جا سکیں، جو مستقبل میں الیکٹرک گاڑیوں کی ترقی میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔