راولپنڈی: پاک بھارت کشیدگی کے باعث راولپنڈی بورڈ کی جانب سے ملتوی کیے گئے انٹر اور میٹرک کے پیپرز اور پریکٹیکل امتحانات کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، 7 مئی کو ہونے والا انٹرمیڈیٹ کا اسلامک اسٹڈیز اور اکاؤنٹنگ کا پیپر اب 16 جون کو ہوگا۔ اسی طرح 9 مئی کو ملتوی کیا گیا ترجمۃ القرآن کا پرچہ اب 31 مئی کو لیا جائے گا۔
میٹرک کے پریکٹیکل امتحانات کا بھی نیا شیڈول جاری ہوا ہے۔ 7 مئی کو منسوخ ہونے والے کیمسٹری، فوڈ اینڈ نیوٹریشن اور ٹیلرنگ کے پریکٹیکلز اب 27 مئی کو ہوں گے، جبکہ 9 مئی کا ملتوی شدہ پریکٹیکل 29 مئی کو لیا جائے گا۔راولپنڈی ایجوکیشن بورڈ نے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ امتحانی مراکز پہلے جیسے ہی رہیں گے لیکن طلبہ کو نئی رول نمبر سلپس دی جائیں گی۔