Wed, September 16, 2026

وزیراعظم کی کسانوں کو آسان قرضے دینے اور زرعی شعبے کو جدید بنانے کی ہدایت

وزیراعظم کی کسانوں کو آسان قرضے دینے اور زرعی شعبے کو جدید بنانے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں زرعی ترقی کے بغیر معاشی بہتری ممکن نہیں، اس لیے زرعی شعبے کو جدید بنانے اور کسانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کا عمل یقینی بنایا جائے۔

زرعی اصلاحات سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں زرخیز زمین، ماہر زرعی افراد اور محنتی کسان موجود ہیں، ہمیں ان وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھا کر زرعی خودکفالت کی طرف بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اعلیٰ معیار کے بیجوں کی فراہمی، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور مؤثر ریگولیٹری نظام زرعی ترقی کا حصہ بنایا جائے۔ وزیراعظم نے زرعی بیجوں کے سرٹیفکیشن کے نظام میں جاری اصلاحات کو بھی تیز کرنے کا حکم دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ زرعی تحقیق پر خاص توجہ دی جائے تاکہ ملکی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو، اور جنگلات کے تحفظ و فروغ کے لیے بھی ایک متوازن پالیسی بنائی جائے جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد دے سکے۔

وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ زرعی ترقی کے لیے صوبوں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ایک جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے نیشنل ایگری انوویشن پلان پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، مصدق ملک سمیت اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی، جبکہ زرعی اصلاحات پر کام کرنے والے ورکنگ گروپ نے اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کیں۔

ٹیگز: