Wed, September 16, 2026

پنجاب کا بجٹ 2025-26 کل اسمبلی میں پیش ہوگا، نئے ٹیکسز سے گریز

پنجاب کا بجٹ 2025-26 کل اسمبلی میں پیش ہوگا، نئے ٹیکسز سے گریز

لاہور : وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان کل سہ پہر مالی سال 2025-26 کا بجٹ پنجاب اسمبلی کے سامنے پیش کریں گے۔ اس سے پہلے پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوگا جس میں بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ یہ بجٹ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ترقیاتی منصوبوں کی عکاسی کرے گا اور اس میں کوئی نیا ٹیکس شامل نہیں کیا جائے گا۔ بجٹ کا فوکس پہلے سے موجود ٹیکسز کی وصولیوں کو بہتر بنانے پر ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی وسائل کو بڑھانے کے لیے پنجاب حکومت اپنے اثاثوں کا زیادہ موثر استعمال کرے گی۔ تعلیم، صحت اور سماجی تحفظ کے اہم پروگرام جاری رہیں گے اور بجٹ میں خواتین، بچوں، معذور افراد اور مزدوروں کے حقوق کا خاص خیال رکھا جائے گا۔

مزید برآں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو مالی اور تکنیکی سپورٹ فراہم کی جائے گی اور کسان کارڈ کی فعالیت کو مزید بڑھایا جائے گا۔ بجٹ معاشی ترقی، شفافیت اور سماجی انصاف پر مبنی ہوگا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی، خاص طور پر جنوبی پنجاب اور دیگر پسماندہ علاقوں میں خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بجٹ عوامی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔

ٹیگز: