Wed, September 16, 2026

والد کی محبت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین۔۔۔۔ دنیا بھر میں آج فادرز ڈے منایا جارہاہے

 والد کی محبت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین۔۔۔۔ دنیا بھر میں آج فادرز ڈے منایا جارہاہے

اسلام آباد: آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں والد کی محبت، محنت اور قربانیوں کو سراہنے کے لیے "فادرز ڈے" منایا جا رہا ہے۔ یہ دن ہر سال جون کے تیسرے اتوار کو منایا جاتا ہے تاکہ ان ہستیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے جو زندگی بھر اپنی اولاد کے لیے جیتے ہیں۔

ماں کی طرح باپ بھی اولاد کی خوشیوں اور کامیابیوں کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہوتا ہے۔ ماں اپنی ممتا سے اولاد کو تحفظ دیتی ہے، جبکہ باپ اپنی محنت اور مشقت سے ان کے خواب پورے کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ وہ دن بھر کام کرکے تھکا ہارا گھر لوٹتا ہے، لیکن چہرے پر مسکراہٹ اور دل میں سکون صرف اسی وقت آتا ہے جب وہ اپنی اولاد کو خوش دیکھتا ہے۔

باپ ایک سائبان کی طرح ہوتا ہے، جو ہر دھوپ، ہر آندھی سے اپنی اولاد کو بچاتا ہے۔ وہ خود چاہے کتنی ہی مشکلات میں ہو، مگر اولاد کے سامنے کبھی کمزور نہیں پڑتا۔ چاہے وسائل کم ہوں یا حالات سخت، ایک باپ اپنی ہمت اور حوصلے سے بچوں کی زندگی سنوارنے میں لگا رہتا ہے۔

آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ والد کی قربانیوں اور محبت کا کوئی نعم البدل نہیں۔ اُن کی قدر کریں، ان سے محبت کا اظہار کریں، اور ان کی موجودگی کو نعمت سمجھیں۔

آئیے، آج ہم اپنے والد کو دل سے سلام پیش کریں اور اُن کا شکریہ ادا کریں جنہوں نے ہمیں زندگی کی بنیاد دی۔

ٹیگز: