Wed, September 16, 2026

ایکسپائر یا منسوخ نائیکوپ پر پاکستان آمد ممکن نہیں، حکومت نے پالیسی بدل دی

ایکسپائر یا منسوخ نائیکوپ پر پاکستان آمد ممکن نہیں، حکومت نے پالیسی بدل دی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے نائیکوپ (NICOP) سے متعلق ضوابط میں ترمیم کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ اب میعاد ختم ہونے یا منسوخ شدہ نائیکوپ پر پاکستان کا سفر کرنے والے افراد کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سرکاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ نائیکوپ کی تجدید کے لیے درخواست جمع کرانے کی رسید بھی سفر کے لیے قابل قبول دستاویز نہیں ہوگی۔ پاکستان آنے کے لیے مسافر کے پاس مؤثر نائیکوپ یا قابلِ استعمال ویزا موجود ہونا ضروری ہوگا۔

نئی ہدایات کے تحت تمام ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ایسے مسافروں کو بورڈنگ کی اجازت نہ دیں جن کا نائیکوپ اپنی مدت پوری کر چکا ہو یا کسی وجہ سے منسوخ ہو چکا ہو۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل ایسے پاکستانی شہری، جن کا نائیکوپ ایکسپائر ہو چکا ہوتا تھا، پاکستان پہنچنے پر لینڈنگ پرمٹ حاصل کر لیتے تھے، تاہم نئی پالیسی نافذ ہونے کے بعد یہ سہولت ختم کر دی گئی ہے اور اب صرف درست سفری دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو ہی پاکستان میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

ٹیگز: