انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مردوں کے ون ڈے ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے نئے طرزِ انعقاد کی منظوری دے دی ہے۔ نئے فارمیٹس کا مقصد عالمی ٹورنامنٹس میں مقابلوں کی شدت بڑھانا، ہر میچ کو اہم بنانا اور شائقین کے لیے مزید دلچسپ لمحات پیدا کرنا ہے۔
آئی سی سی کے فیصلے کے مطابق 14 ٹیموں پر مشتمل مینز ون ڈے ورلڈ کپ اب تین مرحلوں پر مبنی فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے ابتدائی مرحلے میں رینکنگ میں 12ویں، 13ویں اور 14ویں نمبر پر موجود ٹیموں کے درمیان سپر سیریز کا انعقاد ہوگا، جس میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم اگلے مرحلے میں قدم رکھے گی۔
دوسرے مرحلے میں 12 ٹیموں کو دو الگ گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں ہر گروپ میں چھ ٹیمیں شامل ہوں گی۔ گروپ مرحلے کے اختتام پر دونوں گروپس کی ٹاپ تین، تین ٹیمیں جبکہ مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر ایک مزید بہترین ٹیم سپر 7 مرحلے کے لیے منتخب کی جائے گی۔
سپر 7 مرحلے میں شامل تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سب سے بہتر کارکردگی دکھانے والی چار ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچیں گی۔ سیمی فائنلز میں کامیاب ہونے والی ٹیمیں ورلڈ کپ ٹرافی کے حصول کے لیے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ اس نئے نظام کے ذریعے ٹورنامنٹ کے آغاز ہی سے ٹیموں کو بہتر کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہوگی، جس سے ہر مقابلہ زیادہ سنجیدہ اور فیصلہ کن بن جائے گا۔
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 20 ٹیموں والے فارمیٹ میں بھی بڑی تبدیلی کی گئی ہے، جہاں سپر 8 مرحلے کو ختم کرکے اس کی جگہ سپر 10 مرحلہ شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
نئے فارمیٹ کے تحت ابتدائی راؤنڈ میں پانچ گروپس تشکیل دیے جائیں گے اور ہر گروپ میں چار ٹیمیں شامل ہوں گی۔ ہر گروپ سے دو نمایاں ٹیمیں اگلے مرحلے میں جگہ بنائیں گی، جس کے بعد 10 ٹیمیں سپر 10 مرحلے میں حصہ لیں گی۔
سپر 10 کے مرحلے میں دونوں گروپس کی سرفہرست ٹیمیں براہ راست سیمی فائنل کے لیے اہل قرار پائیں گی، جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کے درمیان ایلیمینیٹر میچز کھیلے جائیں گے۔ ان مقابلوں میں کامیاب ہونے والی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ کر ٹائٹل کی دوڑ میں شامل ہوں گی۔
آئی سی سی نے ایسوسی ایٹ ممالک کی ٹیموں کے لیے 16 ٹیموں پر مشتمل عالمی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کے انعقاد کی بھی ابتدائی منظوری دے دی ہے، جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے منعقد کیا جائے گا۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ نومبر میں متوقع ہے۔
اس کے علاوہ آئی سی سی بورڈ نے 2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے نئے کوالیفکیشن ماڈل کی بھی منظوری دے دی ہے۔ نئے طریقہ کار کے مطابق 2026 کے ورلڈ کپ میں براہ راست جگہ نہ بنانے والی ٹیمیں گلوبل کوالیفائر مرحلے میں حصہ لیں گی، جہاں افریقا، ایشیا، یورپ، امریکا اور ایسٹ ایشیا پیسیفک خطے کی ٹیمیں عالمی کپ تک رسائی حاصل کرنے کے لیے مقابلہ کریں گی۔