Wed, September 16, 2026

بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بی کلاس کی مکمل سہولیات حاصل، افواہوں کی تردید

بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بی کلاس کی مکمل سہولیات حاصل، افواہوں کی تردید

راولپنڈی:سنٹرل جیل راولپنڈی کی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف کو جیل میں بی کلاس کے تحت وہ تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جو قانون کے مطابق اس کیٹیگری کے قیدی کو حاصل ہوتی ہیں۔ جیل حکام کے مطابق ان افواہوں میں کوئی صداقت نہیں کہ ان کے ساتھ غیر انسانی یا امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔

جیل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو خوراک، صحت، مطالعہ، روزانہ چہل قدمی اور ورزش کی مکمل سہولیات میسر ہیں۔ انہیں سات کمروں پر مشتمل ایک علیحدہ کمپلیکس میں رکھا گیا ہے، جہاں ایک کھلا صحن بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ ان کے لیے ایکسرسائز سائیکل، LED، ذاتی طور پر پسند کی گئی کتابیں اور اخبارات فراہم کیے گئے ہیں۔

مزید کہا گیا کہ ان کے لیے ایک مخصوص قیدی کو باورچی کے طور پر تعینات کیا گیا ہے، جو ناشتہ، دوپہر اور شام کا کھانا ان کی ہدایات کے مطابق تیار کرتا ہے۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ یہ سہولیات دیگر بی کلاس قیدیوں کو دستیاب نہیں، تاہم بانی پی ٹی آئی کو دی گئی مراعات قانون کے دائرے میں رہ کر فراہم کی گئی ہیں۔

بیان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے جیل میں رہتے ہوئے 413 مرتبہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹویٹر) کے ذریعے پیغامات جاری کیے، جن میں پارٹی کارکنوں کو سیاسی لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا۔ ان بیانات میں عام انتخابات 2024، ضمنی الیکشن، حکومت سے مذاکرات اور آئینی ترامیم سے متعلق ہدایات شامل تھیں۔
ان کے بیانات 145 بار ملکی میڈیا میں سرخیوں کی صورت میں نمایاں ہوئے، جبکہ وہ اب تک 10 بین الاقوامی میڈیا اداروں سے بھی بات چیت کر چکے ہیں۔

گزشتہ تین ماہ میں ان سے 66 ملاقاتیں ہو چکی ہیں جن میں پارٹی رہنما، وکلا اور قریبی عزیز شامل ہیں۔ جیل میں تعینات ڈاکٹرز روزانہ تین مرتبہ ان کا طبی معائنہ کرتے ہیں، اور حالیہ رپورٹس کے مطابق وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں۔

جیل انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو نہ صرف تمام قانونی سہولیات حاصل ہیں بلکہ ان کی سیکیورٹی اور صحت کے معاملات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا اور بعض سیاسی حلقوں کی جانب سے پھیلائی گئی خبریں بے بنیاد، گمراہ کن اور بدنیتی پر مبنی قرار دی گئی ہیں۔

ٹیگز: