رحیم یار خان : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے رحیم یار خان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ریاستِ مدینہ کے دعوے کرتے تھے، وہ آج جیل کی معمولی سختیوں پر دہائیاں دے رہے ہیں۔ صدر زرداری نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ "ایک لیڈر ایسا ہے جس نے ڈیڑھ سال میں ہی جیل میں چلانا شروع کر دیا، کبھی آنکھ کے درد کا بہانہ تو کبھی دودھ نہ ملنے کا شکوہ۔انہوں نے مشورہ دیا کہ جیلیں عبادت کے لیے ہوتی ہیں، اب وہاں روزے رکھیں اور صبر سیکھیں۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ "ان کے پاس ہمت نہیں ہے، یہ صرف باتیں کر سکتے ہیں، قربانی دینا ان کے بس کا روگ نہیں۔"
صدر زرداری نے اپنی اسیری کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زندگی کے ساڑھے 14 سال جیل میں گزارے، لیکن وہ کبھی نہیں گھبرائے۔ انہوں نے واضح کیا میں نے یہ طویل عرصہ اپنے زور پر نہیں بلکہ اپنے عوام کے زور پر کاٹا ہے۔ ہماری ہمت اور ان کی 'بڑھکوں' میں زمین آسمان کا فرق ہے۔
رحیم یار خان میں جیالوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے ثابت کر دیا کہ وہ سیاسی میدان میں اب بھی جارحانہ حکمت عملی پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کے اس بیان نے ملک کے سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔