اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی گریگوری لوگرفو نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، انسداد دہشت گردی، بارڈر سیکیورٹی اور انسداد منشیات جیسے اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی۔
گریگوری لوگرفو نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی پر مبارکباد دی اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں معلومات کا تبادلہ مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ دونوں ممالک بہتر انداز میں ان خطرات سے نمٹ سکیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات میں وقت کے ساتھ بہتری آئی ہے، خاص طور پر صدر ٹرمپ کے دور میں ان میں نمایاں اضافہ ہوا۔ انہوں نے امریکی صدر کی عالمی امن کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ وقت ہے کہ ہم اپنے تعلقات کو مزید آگے بڑھائیں۔
محسن نقوی نے اس بات کا بھی خیر مقدم کیا کہ امریکہ نے کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دیا، اور امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کا تعاون دہشت گردی کے خلاف مؤثر نتائج دے گا۔
ملاقات میں وزیر مملکت طلال چودھری، قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر اور وفاقی سیکرٹری داخلہ بھی شریک تھے۔