نئی دہلی : بھارت کے صنعتی مرکز نوئیڈا میں مودی حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کے خلاف ہزاروں فیکٹری مزدوروں کا احتجاج پرتشدد ہنگاموں میں تبدیل ہو گیا۔ تنخواہوں میں اضافے اور بی جے پی سرکار کے مبینہ معاشی استحصال کے خلاف محنت کشوں نے سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کیا اور درجنوں گاڑیوں کو آگ لگا دی۔
معروف بھارتی جریدے 'ٹائمز آف انڈیا' نے اپنی رپورٹ میں مودی حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھاتے ہوئے لکھا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت عوام کا بدترین معاشی اور سماجی استحصال کر رہی ہے۔ عام آدمی کا معاشی طور پر گلا گھونٹا جا رہا ہے، جس سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ ناقص پالیسیوں کے باعث معاشرے کا ہر طبقہ عدم تحفظ اور شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہے۔
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے نوئیڈا کے ان واقعات کو بی جے پی کی ناکامی کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا بی جے پی کے حمایتی سرمایہ داروں کی من مانیوں نے مزدوروں کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ محنت کش طبقہ اپنی جائز اجرت اور مناسب تنخواہوں سے محروم ہے، جس کی ذمہ دار مودی سرکار ہے۔ مزدوروں کا یہ غصہ حکومت کی جانب سے غریب دشمن پالیسیوں کا قدرتی نتیجہ ہے۔
نوئیڈا میں ہونے والی توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے بعد علاقے میں کشیدگی برقرار ہے۔ اس واقعے نے بین الاقوامی سطح پر بھارت کے اندرونی معاشی خلفشار اور مودی حکومت کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت کو واضح کر دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق، اگر مزدوروں کے مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو یہ چنگاری بھارت کے دیگر صنعتی شہروں تک بھی پہنچ سکتی ہے۔