اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کی آزادی اور خوشحالی پاکستان کے لیے بہت بڑی اہمیت رکھتی ہے اور اس کے لیے پاکستان کا عزم ہمیشہ مضبوط رہے گا۔
شہباز شریف نے اپنے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر پیغام میں کہا کہ وہ غزہ امن سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس جا رہے ہیں اور اس اجلاس میں ہونے والی پیشرفت پر اپنے خیالات کا اظہار کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی ترجیح غزہ میں جاری نسل کشی کو روکنا تھا، اور اس کے لیے پاکستان نے دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر مسلسل آواز اٹھائی۔
وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ بھی ادا کیا، جنہوں نے اس بات کا عہد کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے حق میں اقدامات کریں گے اور اس وعدے کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی مشرق وسطیٰ پالیسی کا بنیادی اصول 1967 کی سرحدوں کے ساتھ ایک فلسطینی ریاست کا قیام ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا۔ یہ پاکستان کا مستقل موقف ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے پاکستان کی حمایت کبھی کم نہیں ہوگی اور یہ ہمیشہ ہماری پالیسی کا حصہ رہے گا۔