Wed, September 16, 2026

سندھ کا زرعی مستقبل محفوظ: سکھر بیراج کی تاریخی بحالی مکمل، مراد علی شاہ نے افتتاح کر دیا

سندھ کا زرعی مستقبل محفوظ: سکھر بیراج کی تاریخی بحالی مکمل، مراد علی شاہ نے افتتاح کر دیا

سکھر : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سکھر بیراج کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے تاریخی منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ یہ منصوبہ سندھ کے زرعی مستقبل کی ضمانت اور پاکستان کی غذائی سلامتی کے لیے سنگِ میل ثابت ہو گا۔
یہ منصوبہ 23 ارب 43 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے آگے بڑھ رہا ہے، جس سے لاکھوں آبادگار خاندانوں کا روزگار محفوظ ہو گا۔ بیراج کی تعمیر کے تقریباً 100 سال بعد اس کے فرش اور بنیادی انفراسٹرکچر کی جامع مرمت کی گئی ہے۔
بیراج کے 44 گیٹس کو جدید ترین خودکار نظام کے تحت تبدیل کر دیا گیا ہے، جس سے پانی کی ترسیل اور نگرانی کا نظام مزید موثر ہو گیا ہے۔ جدید انفراسٹرکچر کی بدولت بیراج اب سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو چکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ آبپاشی کو ہدایت کی ہے کہ منصوبے کی مکمل فائنلنگ ہر صورت جون 2027ء تک یقینی بنائی جائے۔
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گڈو بیراج کی بحالی کا کام بھی کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے،    یہ منصوبہ 9.585 ارب روپے کی لاگت سے پایۂ تکمیل کو پہنچا۔    گڈو بیراج کے تمام 56 مرکزی گیٹس اور 25 کینال ہیڈ ریگولیٹر گیٹس مکمل طور پر تبدیل کر دیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے عزم ظاہر کیا کہ سندھ حکومت صوبے کے آبی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔

ٹیگز: