Wed, September 16, 2026

ون ڈے ورلڈ کپ کے فارمیٹ میں ردوبدل، آئی سی سی کا اہم فیصلہ زیر غور

ون ڈے ورلڈ کپ کے فارمیٹ میں ردوبدل، آئی سی سی کا اہم فیصلہ زیر غور

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹس کے فارمیٹس میں بڑی تبدیلیوں پر غور شروع کر دیا ہے، جن میں ون ڈے ورلڈ کپ، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شامل ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کی تعداد 14 سے کم کرکے 12 کرنے کی تجویز پر غور کر رہی ہے، جبکہ 2027 کے ایڈیشن میں سپر سیون مرحلہ متعارف کرانے کی تجویز بھی زیرِ بحث ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگر نئے فارمیٹس کی منظوری دی جاتی ہے تو آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ادھر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے سیمی فائنل مرحلہ شامل کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔ اس اقدام کا مقصد درمیانی درجہ بندی کی ٹیموں کو ٹائٹل کی دوڑ میں زیادہ مؤثر موقع فراہم کرنا اور ٹیسٹ کرکٹ میں مسابقت بڑھانا ہے۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے موجودہ سپر ایٹ مرحلے کو تبدیل کرکے سپر ٹین فارمیٹ متعارف کرانے کے امکان کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق فٹ بال کے عالمی کلب مقابلوں کی طرز پر کرکٹ میں بھی ورلڈ کلب ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے انعقاد کی منصوبہ بندی جاری ہے۔

مزید برآں، مستقبل میں روایتی دو طرفہ سیریز کی جگہ چار ملکی مختصر ٹورنامنٹس کے انعقاد کی تجویز بھی زیرِ غور ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی کرکٹ کو مزید مسابقتی اور شائقین کے لیے دلچسپ بنانا ہے۔

ٹیگز: