اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کمپنی ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے فروغ سے متعلق تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان ڈیجیٹل ادائیگیوں سے متعلق معاہدہ بھی طے پایا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں اور مالیاتی جدت کی تیز رفتار ترقی پاکستان کی وسعت اختیار کرتی ڈیجیٹل معیشت کا اہم ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے تحت جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور عالمی ڈیجیٹل فنانس میں پاکستان کے مؤثر کردار کے لیے پرعزم ہے۔
ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد نے پاکستان میں محفوظ، شفاف اور جدید ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کے قیام کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔