Wed, September 16, 2026

انفانٹینو کی مشکلات میں اضافہ، نیوزی لینڈ نے حمایت سے انکار کردیا

انفانٹینو کی مشکلات میں اضافہ، نیوزی لینڈ نے حمایت سے انکار کردیا

ولنگٹن : نیوزی لینڈ نے فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو کو چوتھی مرتبہ عہدہ سنبھالنے کے لیے اپنی حمایت سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیوزی لینڈ فٹبال نے اس معاملے میں عالمی فٹبال ادارے کی قیادت پر اعتماد اور شفافیت کے حوالے سے سوالات اٹھائے ہیں۔

نیوزی لینڈ فٹبال کے چیف ایگزیکٹو اینڈریو پراگنیل نے کہا کہ فیفا کے کمرشل حقوق میں نجی سرمایہ کاری سے متعلق متنازع اور ناکام منصوبے کی آزادانہ جانچ پڑتال ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق اس معاملے کی مکمل تحقیقات سے فیفا کی قیادت پر اعتماد بحال کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

انفانٹینو کو تجارتی منصوبے کے معاملے پر مختلف علاقائی فٹبال تنظیموں کی مخالفت کا بھی سامنا ہے۔ یوئیفا، ایشین فٹبال کنفیڈریشن اور کونکاکاف پہلے ہی منصوبے کے طریقہ کار اور فیفا کی قیادت کے حوالے سے نظرثانی کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

تاہم افریقی اور جنوبی امریکی فٹبال کنفیڈریشنز نے فیفا صدر کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

اوشیانا فٹبال کنفیڈریشن نے بھی انفانٹینو کی قیادت میں خطے میں فٹبال کی ترقی کے لیے ہونے والی پیش رفت کو مثبت قرار دیا۔ او ایف سی کے مطابق تجارتی منصوبہ ختم ہونے کے بعد اس معاملے کا جائزہ مستقبل میں ضروری اصلاحات متعارف کرانے کا راستہ ہموار کرسکتا ہے۔

ٹیگز: