Wed, September 16, 2026

قومی کرکٹرز کا جشنِ آزادی پر قوم کے نام محبت بھرا پیغام

قومی کرکٹرز کا جشنِ آزادی پر قوم کے نام محبت بھرا پیغام

لاہور :  پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے معروف کھلاڑیوں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان نے قوم کو جشنِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی اور وطن سے اپنی بے پناہ محبت کا اظہار کیا۔

قومی بیٹر اور سابق کپتان بابر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ "اتحاد، ایمان اور تنظیم یہ صرف نعرے نہیں، بلکہ ہماری اصل طاقت ہیں۔ اگر ہم ایک قوم بن کر کھڑے ہوں، تو کوئی چیلنج ہمیں ہرا نہیں سکتا۔ پاکستان ہم سب کا ہے، اور ہم سب پاکستان کے ہیں۔" انہوں نے نوجوانوں کو متحد رہنے اور ملک کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔

تیز رفتار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے بھی دل کی گہرائیوں سے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا "قوم کو دل میں بساتا ہوں اور سبز ہلالی پرچم کو اپنی روح میں۔ پاکستان ہمارا فخر ہے، ہماری پہچان ہے، اور ایک ایسی روشنی ہے جو کبھی بجھ نہیں سکتی۔ آئیں مل کر اس کی عزت کریں، اس کی حفاظت کریں، اور پرچم کو ہمیشہ سربلند رکھیں۔"
دوسری جانب، اوپنر فخر زمان نے وطن سے محبت کو اپنی کامیابیوں کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا"پاکستان سے محبت ہمیں بڑے خواب دیکھنے اور ان کے پیچھے بھاگنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ یہی جذبہ ہمیں کامیابی کی نئی منزلوں کی طرف لے جاتا ہے۔"
ان تینوں کھلاڑیوں کے پیغامات نے نہ صرف کرکٹ شائقین بلکہ ہر پاکستانی کے دل کو چھو لیا، اور یہ پیغامات سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہے ہیں۔

ٹیگز: