لاہور : پنجاب میں گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے محکمہ تعلیم نے اسکولوں میں حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ تمام اسکولوں کو کہا گیا ہے کہ بچوں کے لیے ٹھنڈے اور صاف پانی کا بندوبست یقینی بنائیں، اور طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ روزانہ کم از کم 8 سے 10 گلاس پانی پئیں اور پانی کی ریفیلیبل بوتل ساتھ لائیں۔
اس کے ساتھ ساتھ ہدایت دی گئی ہے کہ جہاں ممکن ہو، کلاسز کو سایہ دار اور ہوا دار کمروں میں منتقل کیا جائے تاکہ گرمی کی شدت سے بچا جا سکے۔ محکمہ تعلیم نے سخت گرمی کے دوران سکولوں میں باہر کی سرگرمیوں پر پابندی لگا دی ہے، اور بچوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کی علامات اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
تمام سکولوں کو فرسٹ ایڈ کٹس مہیا رکھنے اور عملے کو ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت دینے کا بھی کہا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے واضح طور پر ہدایت کی ہے کہ ان اقدامات پر فوری عمل کیا جائے تاکہ بچوں کی صحت اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔