Wed, September 16, 2026

وزیراعلیٰ پنجاب کا محنت کشوں کو مفت گھروں کا تحفہ، الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم

وزیراعلیٰ پنجاب کا محنت کشوں کو مفت گھروں کا تحفہ، الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم

لاہور: پنجاب حکومت نے مزدوروں کو مالکانہ حقوق دینے کا وعدہ پورا کر دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران مستحق مزدوروں میں رہائشی فلیٹس کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کر دیے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے مزدوروں کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے ان کا بنیادی حق قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہر رہائشی فلیٹ کی تعمیر پر 35 لاکھ روپے لاگت آئی ہے، تاہم یہ فلیٹس مزدوروں کو بغیر کسی معاوضے کے مفت فراہم کیے جا رہے ہیں۔    پہلے مرحلے میں 720 فلیٹس کی تقسیم کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔    ٹیکسلا میں مزید 500 گھر تیار ہیں جو جلد حوالے کر دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے اپنی حکومت کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام کے تحت صرف 15 ماہ کے مختصر عرصے میں ایک لاکھ گھر مکمل کر کے خاندانوں کو فراہم کر دیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب اور درمیانے طبقے کو چھت فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے کیونکہ آج کے دور میں عام آدمی کے لیے گھر بنانا ایک خواب بن چکا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومت صرف رہائش ہی نہیں بلکہ دیگر سہولیات بھی فراہم کر رہی ہے ۔    مزدور طبقے کی مالی معاونت کے لیے 40 ارب روپے کے راشن کارڈز جاری کیے گئے۔    "ستھرا پنجاب" مہم کو پورے صوبے میں نافذ کر دیا گیا ہے، جسے عالمی سطح پر ایک ماڈل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب کے آخر میں جذباتی انداز میں کہا کہ اپنا گھر ایک نعمت ہے اور وہ غریب محنت کشوں کو گھر ملنے پر دلی طور پر خوش ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت مزدوروں کے مسائل کے مستقل حل کے لیے مزید اقدامات بھی کرتی رہے گی۔

ٹیگز: