Wed, September 16, 2026

فاروق ستار کا  نیشنل ایکشن پلان پر دوبارہ غور کا مطالبہ ، وزیراعظم سے اے پی سی بلانے کی درخواست

فاروق ستار کا  نیشنل ایکشن پلان پر دوبارہ غور کا مطالبہ ، وزیراعظم سے اے پی سی بلانے کی درخواست

اسلام آباد: ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے نیشنل ایکشن پلان پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا ہے، اور وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ وہ سانحہ جعفر ایکسپریس کے بعد ایک آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلائیں تاکہ ملک کے مستقبل کے لیے قومی ایجنڈا طے کیا جا سکے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے فاروق ستار نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کی اور کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو صرف مذمت سے آگے بڑھ کر دہشت گردی کے خلاف ایک مشترکہ اور عملی حکمت عملی تیار کرنی چاہیے۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی نظام میں جو کمی ہے، اسے دور کرنا ضروری ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب کو ایک آواز بن کر متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیے تمام سیاسی قیادت کو مشاورت کرنی چاہیے جیسے اے پی ایس کے وقت کی گئی تھی۔

فاروق ستار نے بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا اثر کراچی پر پڑتا ہے، اور نیشنل ایکشن پلان میں آرٹیکل 140 پر مکمل عملدرآمد کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو مل کر اگلے دس سال کے لیے ملک کی ترقی کی حکمت عملی تیار کرنی چاہیے۔ انہوں نے کراچی میں تعلیمی معیار کی گراوٹ اور بیوروکریسی کی غیر مؤثر پالیسیوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ جب تک بلدیاتی نظام کو بااختیار نہیں بنایا جاتا، عوام کی جمہوریت میں مؤثر شرکت ممکن نہیں ہوگی

ٹیگز: