Wed, September 16, 2026

امریکی تجارتی پالیسی کا جھٹکا، بنگلادیشی ملبوسات کے آرڈرز روک دیے گئے

امریکی تجارتی پالیسی کا جھٹکا، بنگلادیشی ملبوسات کے آرڈرز روک دیے گئے

ڈھاکہ: بنگلادیش کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو اس وقت شدید دھچکا پہنچا جب امریکا کے ایک بڑے ریٹیل اسٹور نے اچانک ملبوسات کے آرڈرز منسوخ کر دیے۔ یہ پیش رفت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بنگلادیشی درآمدات پر ممکنہ 35 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آئی ہے۔

گارمنٹس برآمدات بنگلادیش کی معیشت کا بنیادی ستون ہیں، اور ملک کی 80 فیصد برآمدی آمدن اسی صنعت سے حاصل ہوتی ہے۔ امریکا بنگلادیشی ملبوسات کی سب سے بڑی منڈیوں میں شامل ہے، اور اب اس میں رکاوٹ پیدا ہونے سے ہزاروں مزدوروں کے روزگار پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

بنگلادیشی فیکٹری مالکان کا کہنا ہے کہ اگر ٹیرف کا اطلاق اگست سے ہوتا ہے تو بین الاقوامی خریدار دیگر سستے آپشنز کی طرف رجوع کر سکتے ہیں، جس سے ان کے کاروبار کی بقا خطرے میں پڑ جائے گی۔

ادھر معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام صرف بنگلادیش ہی نہیں، بلکہ عالمی سپلائی چین کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ امریکا میں بھی ملبوسات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تجارتی حلقے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ دونوں ممالک بات چیت کے ذریعے اس تنازعے کو سلجھانے کی کوشش کریں گے۔

ٹیگز: