لاہور : جشنِ آزادی کی تقریبات کے پیش نظر لاہور ٹریفک پولیس نے 13 اور 14 اگست کے لیے خصوصی ٹریفک انتظامات کا اعلان کردیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنا اور شہر میں ٹریفک کا بہاؤ معمول کے مطابق رکھنا ہے۔
ٹریفک پلان کے تحت 3 ایس پیز کی نگرانی میں 16 ڈی ایس پیز جبکہ 500 ٹریفک انسپکٹرز سمیت بڑی تعداد میں ٹریفک افسران اور اہلکار مختلف مقامات پر ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
جشنِ آزادی کے موقع پر لاہور کے پانچ مقامات پر آتش بازی کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ ان مقامات میں گریٹر اقبال پارک، ڈولمن مال ڈیفنس، گلشن اقبال، اڈا پلاٹ اور لبرٹی مارکیٹ شامل ہیں۔ لبرٹی مارکیٹ اور ڈیفنس فیز 6 کے ایچ بلاک میں میوزیکل پروگرامز بھی منعقد ہوں گے۔
حکام کے مطابق ون ویلنگ، غیر ضروری ہنگامہ آرائی اور خطرناک ڈرائیونگ کی روک تھام کے لیے شہر کے 62 مقامات پر خصوصی چیکنگ اور ناکہ بندی کا انتظام کیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنا، روڈ ریج یا ٹریفک کی روانی متاثر کرنے والے کسی بھی عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ٹریفک کی روانی بہتر رکھنے کے لیے مین بلیوارڈ گلبرگ اور مال روڈ پر موجود تمام کٹس رات کے اوقات میں بند رہیں گے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متبادل راستوں کا انتخاب کریں اور ٹریفک اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ جشنِ آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں اور خوشیاں منائیں، تاہم اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں۔