اسلام آباد : ملک میں جشنِ آزادی اور معرکہ حق کی فتح کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ 14 اگست کو شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں عوام کے لیے خاص تقریبات اور دفاعی سامان کی نمائش رکھی گئی ہے۔
صبح تقریباً 10 بجے سے دروازے کھول دیے جائیں گے تاکہ لوگ پاکستان کی فوج کی طاقت اور مہارت کو قریب سے دیکھ سکیں۔ نمائش میں وہ تمام جنگی ہتھیار، ٹینک، طیارے، توپیں، راکٹ لانچر، بکتر بند گاڑیاں شامل ہیں جو معرکہ حق میں استعمال ہوئے۔
نمائش میں ریڈارز بھی ہوں گے جنہوں نے لڑائی میں اہم کردار ادا کیا۔ پاک فضائیہ فلائی پاسٹ اور پیرا جمپنگ کا بھی مظاہرہ کرے گی۔ اس کے علاوہ مختلف ثقافتی پروگرامز اور فوجی بینڈز ملی نغموں کے ساتھ جشن کی رونق بڑھائیں گے۔
یہ نمائش صرف فوج کی طاقت دکھانے کے لیے نہیں بلکہ ہر پاکستانی کو آزادی کا دن جوش اور جذبے سے منانے کا موقع دینے کے لیے ہے۔