لاہور : پاکستان میں 14 اگست، یومِ آزادی کی خوشیاں منانے کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔ اسلام آباد، لاہور، پشاور اور دیگر بڑے شہروں سمیت چھوٹے شہروں میں بھی اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی بھرپور تیاری کی جا رہی ہے۔
ملک بھر میں سرکاری اور نجی عمارات کو قومی پرچم، جھنڈیوں اور رنگین برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔ مختلف بازاروں اور سٹالز پر قومی پرچم، بیجز، جھنڈیاں اور دیگر قومی اشیاء فروخت کے لیے رکھی گئی ہیں، اور لوگ بڑی تعداد میں ان اشیاء کی خریداری میں مصروف ہیں۔
پنجاب میں اس سال جشن آزادی کی تقریبات میں ایک منفرد رنگ شامل کیا گیا ہے، جہاں معرکہ حق کے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ لاہور میں بھی سرکاری سطح پر یوم آزادی کی تقاریب کی تیاری شروع کر دی گئی ہے، جس میں اہم عوامی مقامات جیسے حضوری باغ اور مینار پاکستان کو سجایا جائے گا۔
یومِ آزادی کے حوالے سے شعراء اور ادبی حلقے بھی متحرک ہو گئے ہیں، اور مشاعرے اور ثقافتی پروگرامز کی تیاری کی جا رہی ہے۔ جامعات میں طلبہ بھی مختلف تقریبات جیسے خاکے، ڈرامے اور کھیلوں کے مقابلوں کی تیاری کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یومِ آزادی کا دن نہ صرف خوشی کا دن ہے بلکہ یہ ہمارے وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کا مظہر بھی ہے۔ اس دن کو بھرپور جوش و جذبے سے منانا ہر پاکستانی کے لیے فخر کی بات ہے۔
یومِ آزادی پاکستان کے بانیوں کی قربانیوں اور اس ملک کے لیے کی جانے والی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، اور پورے ملک میں اس دن کو شایان شان طریقے سے منانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔