Wed, September 16, 2026

ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 34 سال بعد ون ڈے سیریز میں شکست دے دی

ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 34 سال بعد ون ڈے سیریز میں شکست دے دی

ٹرینیڈاڈ : پاکستان کرکٹ ٹیم کو 34 سال بعد ون ڈے سیریز میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو 202 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔

ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ویسٹ انڈیز کے کپتان شائے ہوپ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ویسٹ انڈیز نے 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 294 رنز بنائے، جس میں شائے ہوپ کی شاندار اننگز شامل تھی، انہوں نے 94 گیندوں پر 120 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ جسٹن گریوز نے 24 گیندوں پر 43 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔

پاکستان کی باؤلنگ میں نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز اور صائم ایوب کو 1، 1 وکٹ ملی۔

پاکستان کے لیے 295 رنز کا ہدف بہت مشکل ثابت ہوا اور اس کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی۔ پاکستان کی ٹیم 92 رنز پر ہی آل آؤٹ ہو گئی۔ صائم ایوب، عبداللہ شفیق، اور کپتان محمد رضوان صفر پر آؤٹ ہوئے، جب کہ بابر اعظم نے بھی صرف 9 رنز بنائے۔ سلمان علی آغا 30 اور محمد نواز 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ویسٹ انڈیز کے باؤلر جیڈن سلز نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں لے کر پاکستان کی بیٹنگ لائن کو تباہ کر دیا۔ گداکیش موتی نے 2 اور روسٹن چیز نے 1 وکٹ حاصل کی۔

ویسٹ انڈیز کے کپتان شائے ہوپ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جبکہ جیڈن سلز کو سیریز کا بہترین کھلاڑی منتخب کیا گیا۔

ٹیگز: