Wed, September 16, 2026

آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے امریکی وفد کی اہم ملاقات، علاقائی سلامتی پر گفتگو

آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے امریکی وفد کی اہم ملاقات، علاقائی سلامتی پر گفتگو

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے امریکی کانگریس کے ایک وفد نے ملاقات کی جس میں انسداد دہشت گردی، باہمی دفاعی روابط اور خطے میں استحکام سے متعلق معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، وفد کی سربراہی کانگریس مین جیک برگمین کر رہے تھے۔ ملاقات میں باہمی مفادات، علاقائی صورتحال اور دو طرفہ تعاون پر زور دیا گیا۔ دونوں فریقین نے اعتماد، احترام اور مشترکہ حکمت عملی کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

امریکی وفد نے پاکستانی افواج کی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں قربانیوں کو سراہا اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا۔

وفد نے تجارت، سیکیورٹی، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے شعبوں میں باہمی اشتراک کو مزید فروغ دینے کے ارادے کا اظہار کیا۔

جنرل عاصم منیر نے امریکی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امریکا کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کو دہرایا۔

اس موقع پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں دوطرفہ تربیتی پروگرام کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

 
 

ٹیگز: