پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں گزشتہ رات پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تین شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ دیگر متعدد زخمی حالت میں فرار ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، خان خیل مندزئی کے جنگلات میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کا سامنا 20 سے زائد دہشتگردوں سے ہوا۔
مقابلہ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا، جس دوران بھاری فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔ اس آپریشن میں مقامی رضا کاروں اور امن کمیٹی کے افراد نے بھی فورسز کے ساتھ تعاون کیا۔
آپریشن کے دوران تین دہشتگرد مارے گئے، جبکہ دیگر دہشتگرد شدید زخمی ہونے کے باوجود موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
حکام کے مطابق، علاقے میں مزید خطرات کے پیشِ نظر سرچنگ اور کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے تاکہ باقی ماندہ عناصر کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔