غزہ: اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر جاری حملوں میں آج مزید 70 فلسطینی شہید ہو گئے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق حملے صبح سے جاری ہیں اور ان میں شدت آتی جا رہی ہے۔
سب سے زیادہ نقصان غزہ سٹی میں ہوا، جہاں 27 افراد شہید ہوئے۔ اسرائیلی فوج شہری علاقوں پر بمباری کر رہی ہے تاکہ آبادی کو زبردستی جنوبی حصوں کی طرف دھکیلا جا سکے، جہاں پہلے ہی حالات بدترین ہیں۔
غزہ کے امدادی ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل جان بوجھ کر گھروں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جس سے لوگ خوفزدہ ہو کر پناہ کی تلاش میں دربدر ہو رہے ہیں۔
متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ وہ محفوظ جگہیں نہ ملنے کے باعث دوبارہ انہی خطرناک علاقوں میں واپس جا رہے ہیں۔
دوسری جانب یونیسف کے مطابق غزہ میں بچوں میں غذائی قلت خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، اور اگست میں شدید متاثرہ بچوں کی شرح 13.5 فیصد تک جا پہنچی، جبکہ غزہ سٹی میں یہ شرح 20 فیصد سے بھی زیادہ ہے۔
غزہ میں زندگی ہر لمحہ موت کے سائے میں ہے، اور عالمی برادری اب بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔