Wed, September 16, 2026

بلاول بھٹو کا افغان حکام کو امن کے لیے تحمل دکھانے کا مشورہ

بلاول بھٹو کا افغان حکام کو امن کے لیے تحمل دکھانے کا مشورہ

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افغان حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقائی امن کے لیے مزید تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ افغان فورسز کی بلا اشتعال جارحیت نہ صرف علاقائی استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے بلکہ یہ دونوں ممالک کی مشترکہ خوشحالی کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی جارحیت علاقائی امن کو متاثر کرنے کا باعث بن رہی ہے۔

پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور بردباری کی تعریف کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاک فوج نے افغان فورسز کے حملے کا انتہائی تحمل اور دلیری سے جواب دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان کی سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروپوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور خوشحال افغانستان کا حامی ہے۔ انہوں نے طالبان قیادت سے اپیل کی کہ وہ طویل المدتی امن اور استحکام کے لیے سنجیدہ مذاکرات اور تعاون کا حصہ بنیں۔
 
 

ٹیگز: