Wed, September 16, 2026

اسلام آباد ضلعی کچہری کے باہر خودکش دھماکے کا معاملہ،ڈسٹرکٹ بار کا 3 روزہ سوگ کا اعلان

اسلام آباد ضلعی کچہری کے باہر خودکش دھماکے کا معاملہ،ڈسٹرکٹ بار کا 3 روزہ سوگ کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی کچہری میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد ملک بھر میں وکلاء کی جانب سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ اور ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔

اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس آج مکمل طور پر بند رہا، جہاں بار ایسوسی ایشن نے وکلاء، سائلین اور کلرکس کو عدالت نہ آنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ، ڈسٹرکٹ بار نے 3 روزہ سوگ اور ایک روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور وکلاء کو گھروں میں رہنے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد بار کونسل نے بھی اس واقعے کے بعد 3 روزہ ہڑتال کی حمایت کی ہے، جبکہ راولپنڈی میں بھی وکلاء نے احتجاجاً عدالتوں کا بائیکاٹ کیا ہے، تاہم ایمرجنسی کیسز میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پنجاب بار کونسل کی جانب سے پنجاب بھر میں بھی مکمل ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت لاہور اور دیگر شہروں کی ماتحت عدالتوں میں وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔ بار ایسوسی ایشنز کا کہنا ہے کہ یہ ہڑتال دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط پیغام دینے اور وکلا برادری کے اتحاد کو ظاہر کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔

پشاور میں بھی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اسلام آباد دھماکے کی مذمت کی ہے اور آج عدالتوں کا بائیکاٹ کیا ہے۔دوسری جانب، اسلام آباد کے ریڈ زون میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ہائی کورٹ سمیت حساس علاقوں میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ٹیگز: