اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کو اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے حوالے سے طریقہ کار سے آگاہ کر دیا ہے۔
سپیکر کے مطابق اسمبلی قواعد کے تحت اپوزیشن لیڈر کا عہدہ اس وقت خالی ہے، جس کے لیے ارکانِ اسمبلی کی جانب سے نامزدگی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر کے لیے نامزد امیدواروں کی فہرست کل سہ پہر تین بجے تک جمع کرائی جائے گی۔
ایوان کو بتایا گیا کہ 76 ارکانِ اسمبلی کے دستخطوں کے ساتھ محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کی فہرست پہلے ہی جمع کروائی جا چکی ہے، جس کی تصدیق چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے بھی کر دی ہے۔
سپیکر نے واضح کیا کہ تقرری کا عمل کل سے باضابطہ طور پر شروع ہوگا اور ضرورت پڑنے پر تاریخ میں تبدیلی کے ساتھ نئی فہرست جمع کروانے کی اجازت بھی دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا عمل مکمل طور پر آئینی اور شفاف بنایا جائے گا۔