نئی دہلی: بھارت کو اس وقت بڑا دھچکہ لگا جب خلا میں سیٹلائٹ بھیجنے کا ایک اور اہم مشن ناکام ہو گیا۔ بھارتی خلائی ایجنسی کے مطابق PSLV-C62 مشن کے دوران راکٹ کے تیسرے مرحلے میں فنی خرابی پیدا ہوئی، جس کے باعث سیٹلائٹ مطلوبہ مدار میں داخل نہ ہو سکا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ PSLV، جسے بھارت کا قابلِ اعتماد راکٹ تصور کیا جاتا تھا، حالیہ عرصے میں مسلسل ناکامیوں کا شکار رہا ہے۔ اس سے قبل 18 مئی 2025 کو PSLV-C61 کی لانچنگ بھی ناکام ہوئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ناکام مشنز میں قومی سلامتی کے مقاصد کے لیے تیار کیے گئے لاکھوں ڈالر مالیت کے سیٹلائٹ تباہ ہو گئے، جس پر بھارتی خلائی پروگرام کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان ناکامیوں سے بھارت کے خلائی عزائم اور عالمی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ خلائی ایجنسی کے لیے تکنیکی اور انتظامی سطح پر اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں۔