Wed, September 16, 2026

مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاری دو ریاستی حل کیلئے خطرہ، پاکستان

مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاری دو ریاستی حل کیلئے خطرہ، پاکستان

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاری میں مسلسل توسیع اور فلسطینی شہریوں کی جبری بے دخلی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ اسرائیلی اقدامات کا مقصد قبضے کو مزید مستحکم کرنا اور فلسطینی سرزمین کو تقسیم کرنا ہے۔

سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے، جس پر سلامتی کونسل کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے اسرائیلی آبادکاری میں توسیع کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے آبادکاروں کے تشدد کی فوری روک تھام اور ذمہ داروں کو جوابدہ بنانے کا مطالبہ کیا۔

پاکستانی مندوب نے فلسطینی شہریوں کے فوری تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بین الاقوامی تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے مسجد اقصیٰ میں اشتعال انگیز اقدامات پر بھی پاکستان کی گہری تشویش کا اظہار کیا اور مقدس مقام کی تاریخی و قائمہ حیثیت کے احترام پر زور دیا۔

عاصم افتخار نے فلسطینی محصولات روکے جانے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے فلسطینی ادارے مالی مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے روکے گئے فنڈز فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ فلسطینی اداروں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے قابل بنایا جائے۔

پاکستان نے ایک بار پھر فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور دو ریاستی حل کے لیے اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ مقبوضہ علاقوں میں جاری صورتحال کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

ٹیگز: