لاہور : سابق آسٹریلوی کرکٹر موئزز ہینریکیز کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے کے لیے پرتگال کی ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے۔ 39 سالہ ہینریکیز پہلی بار پرتگال کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹیم کی قیادت کریں گے۔
ہینریکیز کا آسٹریلیا کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کا تجربہ بھی خاصا وسیع ہے۔ وہ 4 ٹیسٹ، 16 ایک روزہ اور 24 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ سابق آل راؤنڈر نے گزشتہ ماہ آسٹریلوی ڈومیسٹک کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا تھا۔
پرتگال اس وقت ٹی 20 انٹرنیشنل رینکنگ میں 37ویں نمبر پر ہے۔ ٹیم 14 سے 20 اگست تک یورپ سب ریجنل کوالیفائر سی کے گروپ بی میں اسرائیل، جرمنی، یونان اور چیک ریپبلک کے خلاف مقابلے کرے گی۔
ہینریکیز کی قیادت میں پرتگال کی ٹیم کی نظریں کوالیفائنگ مرحلے میں عمدہ کارکردگی دکھا کر اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے پر ہوں گی۔