لاہور : محکمہ تحفظ ماحولیات نے پنجاب کے تمام سکولوں کو ماحول دوست بنانے کے لیے ایک نیا "گرین سکول سرٹیفکیشن پروگرام" شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت سکولوں کو ان کے ماحول دوست اقدامات کے مطابق پلاٹینم، گولڈ، سلور اور برونز کیٹیگریز میں سرٹیفکیٹ دیے جائیں گے۔
ابتدائی طور پر یہ منصوبہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر کچھ منتخب سکولوں میں شروع کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ماحولیات سے متعلق تعلیم کو سکول کے نصاب میں شامل کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے، جو پرائمری، مڈل اور سیکنڈری سطح کے بچوں کے لیے الگ الگ ہوگی۔
اس پروگرام کو مؤثر بنانے کے لیے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ تحفظ ماحولیات مل کر ایک کمیٹی بھی بنائیں گے، جو ماحولیاتی تعلیم کو نصاب کا حصہ بنانے کے لیے سفارشات تیار کرے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نئی نسل کو ماحول کے تحفظ کے بارے میں شعور دینا اور اسکولوں کو زیادہ صاف، سرسبز اور پائیدار بنانا ہے۔