اسلام آباد:پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں واٹس ایپ صارفین کو میٹا کی اس کالنگ اور میسجنگ ایپ کے استعمال میں مسائل کا سامنا ہے۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق، دنیا بھر میں واٹس ایپ صارفین کو پیغامات بھیجنے اور اسٹیٹس اپلوڈ کرنے میں دشواریوں کا سامنا ہو رہا ہے۔ صارفین نے ایکس، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی شکایات کا اظہار کیا کہ انہیں واٹس ایپ پر پیغامات بھیجنے اور اسٹیٹس اپ لوڈ کرنے میں خلل آ رہا ہے۔
پاکستان میں بھی صارفین کو واٹس ایپ کی سروس میں رکاوٹ اور تاخیر کا سامنا ہے۔ پیغامات کی ترسیل میں تاخیر ہو رہی ہے، اور گروپ میسجز، تصاویر اور ویڈیوز بھی دوسروں تک نہیں پہنچ پا رہی ہیں۔
میٹا یا واٹس ایپ کی انتظامیہ کی طرف سے اس تکنیکی خرابی پر ابھی تک کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، کچھ صارفین نے فیس بک اور انسٹاگرام پر بھی اسی قسم کی مشکلات کا ذکر کیا ہے، کیونکہ یہ تینوں ایپس میٹا کی ملکیت ہیں۔