Wed, September 16, 2026

پشین میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی بڑی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک

پشین میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی بڑی کارروائی، 4 دہشت گرد ہلاک

پشین: بلوچستان کے ضلع پشین میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے چار اہم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس میں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد بلوچستان میں مختلف دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث تھے، جن میں چمن روڈ پر ایف سی ٹرک پر حملہ، پشین میں لیویز افسر کا قتل، اور پولیس اہلکاروں پر حملے شامل ہیں۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا، جن میں دو کلاشنکوف، دو نائن ایم ایم پستول، دستی بم، ڈیٹونیٹر اور دیگر دھماکا خیز مواد شامل ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ سامان ممکنہ نئی دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے تیار کیا گیا تھا۔

دہشت گردوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ ان کے کسی ساتھی یا سہولت کار کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔

سی ٹی ڈی ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائی بلوچستان میں امن قائم رکھنے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے، اور عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔

ٹیگز: