اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر افغان حکومت ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد گروپوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرتی ہے تو پاکستان ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے کہ پارلیمانی رہنماؤں کو ایک جگہ اکٹھا کر کے امن، سلامتی اور ترقی جیسے اہم موضوعات پر بات چیت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن اور استحکام پائیدار ترقی کی بنیاد ہیں، اور پاکستان نے ہمیشہ اپنے دفاع میں عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے دنیا کو یہ دکھایا ہے کہ وہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا، اور پاکستان اور افغانستان کے درمیان بات چیت اور تعاون میں دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان پورے خطے کے لیے خوشحالی کی راہ ہموار کرے گا، اور اس کے لیے ضروری ہے کہ افغان حکومت شدت پسند گروپوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مظلوم اقوام کی حمایت کی ہے اور شدت پسند گروہ افغانستان اور پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔
وزیراعظم نے کانفرنس کے شرکاء کو بتایا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ترقی اس معاشرے میں ممکن ہے جہاں امن ہو، اور دنیا بھر میں جاری تنازعات نے امن کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا ہے۔
انہوں نے حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والی معاشی اصلاحات کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ پاکستان نے پائیدار ترقی، ادارہ جاتی مضبوطی، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے جامع اقدامات اٹھائے ہیں۔ وزیراعظم نے خواتین کو ڈیجیٹل مہارتیں سکھانے اور مالی سہولتیں فراہم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دینے کی بات کی۔