Wed, September 16, 2026

امریکی صدر کا یوٹرن، ایران پر آج حملے منسوخ

امریکی صدر کا یوٹرن، ایران پر آج حملے منسوخ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف زیر غور فوجی کارروائی کو مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پر کیے جانے والے مجوزہ حملوں کو فی الحال روک دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر نے ایران کے خلاف سخت اقدامات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا مزید کارروائی کر سکتا ہے۔ انہوں نے ایران کے خارگ جزیرے اور تیل و گیس کے اہم مراکز کے حوالے سے بھی سخت مؤقف اختیار کیا تھا، جس پر خطے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔

دوسری جانب ایرانی حکام نے امریکی بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر خارگ جزیرے یا ملک کے توانائی مراکز کو نشانہ بنایا گیا تو اس کا بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا۔

ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا تھا کہ ایران کی مسلح افواج ملک کی سرحدوں اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی ممکنہ جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

امریکی صدر کے حالیہ اعلان کے بعد سفارتی حلقوں میں اس پیش رفت کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، تاہم خطے کی مجموعی صورتحال بدستور توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

ٹیگز: