اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل منعقد کیا جائے گا، جس میں مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کی صدارت کریں گے، جبکہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ارکانِ کابینہ کو نئے بجٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ اجلاس میں بجٹ کی حتمی منظوری دی جائے گی۔
ادھر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اقتصادی سروے پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کی معاشی شرح نمو 3.7 فیصد رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مشرق وسطیٰ کی صورتحال پیدا نہ ہوتی تو گروتھ 4 فیصد سے بھی زیادہ ہو سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کا مجموعی حجم 452 ارب ڈالر سے بڑھ چکا ہے۔
اقتصادی اعداد و شمار کے مطابق مختلف شعبوں میں بہتری دیکھی گئی، جن میں سیمنٹ سیکٹر میں 10 فیصد، فرٹیلائزر سیکٹر میں 17 فیصد اور پیٹرولیم سیکٹر میں 5 فیصد ترقی شامل ہے۔ فی کس سالانہ آمدن بھی 1751 ڈالر سے بڑھ کر 1901 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق ٹیکس آمدن میں 11.3 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ گزشتہ دو برسوں کے دوران مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی کا رجحان رہا ہے۔ جولائی تا مئی کے دوران اوسط مہنگائی 6.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 29 مئی 2026 تک ملک کے زرمبادلہ ذخائر 17.2 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں، جو سالانہ بنیادوں پر 49 فیصد نمایاں اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔