Wed, September 16, 2026

لندن کے میئر صادق خان کو نائٹ ہُڈ کا اعزاز مل گیا

لندن کے میئر صادق خان کو نائٹ ہُڈ کا اعزاز مل گیا

لندن : لندن کے پہلے مسلم میئر اور پاکستانی نژاد برطانوی سیاستدان صادق خان کو برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے نائٹ ہُڈ کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا ہے۔

یہ اعزاز صادق خان کو بکھنگم پیلس میں ایک تقریب کے دوران دیا گیا۔ صادق خان کا کہنا تھا کہ یہ لمحہ ان کے لیے بہت فخر کا باعث تھا، اور یہ کہ بادشاہ چارلس بھی انہیں اعزاز دیتے ہوئے بہت خوش دکھائی دیے۔

صادق خان نے کہا "میں ٹوٹنگ کے ایک عام سے کونسل گھر میں پلا بڑھا، اور کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ایک دن ایسا بڑا اعزاز ملے گا۔ لندن کا یہی حسن ہے کہ اگر آپ محنت کریں تو کچھ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔"

صادق خان 2016 سے لندن کے میئر کے عہدے پر فائز ہیں، اور حال ہی میں وہ تیسری بار منتخب ہو کر تاریخ میں اپنا نام درج کروا چکے ہیں۔ وہ پہلے شخص ہیں جو مسلسل تین بار اس منصب پر منتخب ہوئے ہیں۔

؎صادق خان 1970 میں لندن میں پیدا ہوئے، ان کے والد پاکستان سے ہجرت کر کے آئے تھے اور لندن میں بس ڈرائیور کے طور پر کام کرتے تھے۔ صادق خان نے یونیورسٹی آف نارتھ لندن سے قانون کی تعلیم حاصل کی اور بعد میں انسانی حقوق کے وکیل بنے۔ انہوں نے حکومت اور پولیس کے خلاف کئی اہم مقدمات لڑے۔

صادق خان نے سیاست میں قدم 1990 کی دہائی میں رکھا جب وہ لیبر پارٹی کے کونسلر منتخب ہوئے۔ پھر 2005 کے عام انتخابات میں دارالعوام کے رکن بنے، اور بعد میں انہیں حکومت میں مختلف ذمہ داریاں سونپی گئیں۔

2016 میں انہوں نے لندن کے میئر کا انتخاب جیتا، جہاں ان کا مقابلہ زیک گولڈ اسمتھ سے ہوا، جو عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما کے بھائی ہیں۔ صادق خان نے انہیں شکست دے کر لندن کے پہلے مسلمان میئر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

ٹیگز: