اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی سزا احتساب کے نئے دور کی شروعات ہے، اور اب 9 مئی کے کیسز اس سلسلے کو مزید آگے بڑھائیں گے۔
ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے مقدمات جب آگے بڑھیں گے تو اس سیاسی جماعت کے لیے نئے سوالات کھڑے ہوں گے جس پر ان واقعات میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ واوڈا کے مطابق ’’پاکستان میں پہلی بار ایسا احتساب ہو رہا ہے جس سے واضح ہو رہا ہے کہ ریاست سب سے بالا ہے‘‘۔
سینیٹر واوڈا نے دعویٰ کیا کہ 9 مئی کے مقدمات کا فیصلہ کم از کم 14 سال سزا کی صورت میں آسکتا ہے، اور ایسے فیصلے پی ٹی آئی اور اس کے بانی کے لیے سیاسی طور پر مشکلات پیدا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ماضی میں اپنی جماعت کو ایسے راستوں سے روکنے کی کوشش کرتے رہے لیکن انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا۔ ان کے مطابق ’’اب احتساب کا عمل شروع ہو چکا ہے اور یہ کسی پر نہیں رکے گا‘‘۔
فیصل واوڈا نے یہ بھی کہا کہ ارشد شریف قتل کیس میں ابھی کئی کردار سامنے آنا باقی ہیں، اور جیسے ہی مراد سعید سامنے آئیں گے، حقائق واضح ہوجائیں گے۔